ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اترکنڑا میں تہوار کے بہانے کھیلے جانے والے جوے پر ایس پی نے لگایا بریک

اترکنڑا میں تہوار کے بہانے کھیلے جانے والے جوے پر ایس پی نے لگایا بریک

Fri, 28 Oct 2022 20:30:24    S.O. News Service

کاروار:28؍ اکتوبر(ایس اؤ نیوز) دیوالی تہوار کے موقع پر اترکنڑا ضلع کے دیہی علاقوں میں جوے کے کھیل زیادہ ہوتےہیں۔ لیکن اس مرتبہ تہوار کے موقع پر ضلع ایس پی ڈاکٹر سمن پنیکر نے سخت اقدامات کئےجانے کے نتیجےمیں اکثر مقامات پر جوے پر بریک لگ گیا ہے۔

ایک طرف عوام دیوالی تہوار کی خوشی  ومسرت میں مصروف نظر آتے ہیں تو دوسری طرف تاش ، اؤسی ، مٹکا ، مرغیوں  کی لڑائی جیسے مختلف جوے کےکھیل کھیلے جاتےہیں۔ ایسے جوے کے کھیلوں میں لاکھوں روپیوں کا لین  دین ہوتاہے۔ خاص کر گھاٹ کے اوپر والے یلاپور، ہلیال، ڈانڈیلی ، منڈگوڈ سمیت کئی مقامات پرتاش کا  ’اندر۔باہر‘ کھیل دیوالی کے موقع پر خصوصی طورپر کھیلا جاتا ہے اور کھلایا جاتاہے۔ حالیہ برسوں میں یہ کھیل بہت بڑے پیمانے پر کھیلا جارہاتھا، پولس محکمہ بھی تہوار کےبہانے اپنی جگہ خاموشی اختیار کرتاتھا۔

لیکن اترکنڑا ضلع میں اس مرتبہ ایس پی ڈاکٹر سمن پنیکر نے تہوار کے موقع پر ذرہ برابر بھی ڈھیل نہیں دیااور تہوار سے قبل ہی ایس پی نے ضلع کے سبھی پولس تھانوں کو سخت ہدایات دی تھیں کہ کہیں بھی جوے کو موقع نہ دیا جائے ۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ بہت سارے مقامات پر جوے پر بریک لگاہے۔ ایس پی نے صرف متعلقہ پولس تھانوں سے یہ کام نہیں لیا ہے بلکہ اپنی خصوصی ٹیم کے ذریعے بڑے بڑے جوے کے اڈوں پر چھاپہ مارتے ہوئے سختی برتی ہے۔کسی کی پرواہ کئے بغیر  جوے کھیلنے والوں پر کیس درج کرلینے کا حکم جاری کیا تھا ۔ انہی کی ہدایات پر کمٹہ ، بھٹکل ، سرسی ، منڈگوڈ سمیت کئی جگہوں پر جوے کے اڈوں اور جوا کھیلنے والوں پر چھاپہ مارتے ہوئے کئی ایک کو گرفتار کرنےمیں پولس کامیاب ہوئی ہے۔

اتنے برسوں تک پولس کو یہ کہہ کر خاموش کردیا جاتا تھا کہ وہ صرف تہوار کے موقع پر ہی جوا کھیلنے دیا جاتاہے بقیہ دنوں میں کہیں بھی  اس کو نہیں کھیلا جاتاہے۔ لیکن ایس پی نے  کسی بہانے کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے سردی کے موسم میں بھی جوا کھیلنے والو ں کے پسینہ چھڑائے ہیں۔ ایس پی کے سخت اقدامات سے جوا کھیلنے والوں کی سرپرستی کرنے والے سیاست دانوں کی آنکھیں سرخ ہوگئی ہیں۔

بی جے پی یوتھ لیڈر کا جوے کا پوسٹ:کمٹہ کے بی جے پی یوتھ لیڈر نے  اپنے فیس بک پیج پر جوے کے متعلق پوسٹ کئے جانے پر سوشیل میڈیا پر لوگوں نے کڑی تنقید کی ہے۔ کمٹہ کا بی جے پی یوتھ لیڈر اپنے فیس بک پیچ پر پوسٹ کئے گئے پیغام میں لکھا تھا کہ ’’کمٹہ میں برسوں سے کلب چل رہے ہیں، لیکن تہوار کے موقع پر لطف لینے کےلئے تین دن کھیلنے والے غریبوں پر کیس درج کئے جارہےہیں۔ انصاف کہا ں ہے‘‘۔ سوشیل میڈیا پر اسی پوسٹ پر کمنٹ کرتےہوئے کئی لوگوں نے پلٹ کر سوال کیا ہےکہ مرکز اور ریاست میں بی جےپی کی حکومت  ہے، حلقہ کے رکن اسمبلی بھی بی جےپی سے ہیں ، ایسے میں برسوں سے جوے کے کلب چل رہے ہیں تو کمٹہ میں قانونی نظام کتنا خستہ ہوگیا ہے پتہ چلتاہے۔ کیا تہوار کے موقع پر جوا کھیلنا صحیح ہے۔ ایسے کئی کمنٹ پوسٹ کئےجانے سے بی جے پی یوتھ لیڈر کو فضیحت کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔


Share: